بنگلورو24اگست(ایس او نیوز)صنعتی پالیسی 2015میں دئے گئے نشانہ کے مطابق 2019-20تک 1.73لاکھ کروڑروپئے کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے مقصد سے اودیشہ کی حکومت بنگلورو میں 26اگست کو سرمایہ کاروں کی میٹنگ منعقد کرے گی ۔اوڈیشہ کے وزیراعلی نوین پٹنائک اس میٹ میں سرکردہ سرمایہ کاروں سے خطاب کریں گے جبکہ ریاستی چیف منسٹر سدارامیا، سابق وزیر اعظم و جے ڈی ایس کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڑا اور مرکزی وزیر اننت کمار مہمان اعزازی کے طور پر شرکت کریں گے ۔اوڈیشہ کے وزیر صنعت دیبی پرساد نے یہ بات بتائی۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اوڈیشہ حکومت نے انجینئرنگ ،آئی ٹی ، ہارڈ ویر، ہوابازی ، ٹکسٹائلز،طبی آلات،لوبریکینٹ ،ایرو اسپیس ،ٹیلی کام،دفاع، ٹرانسپورٹ اورکنزیومر ڈیوریبلز کے شعبوں کی بڑی اوراوسط درجہ کی صنعتوں کے تقریبا 250افراد کو مدعو کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اوڈیشہ حکومت اسی دن شہر میں جشن کا اہتمام کرے گی ،تاکہ اوڈیشہ ریاست کی تشکیل کے 80سال کی یاد منائی جاسکے ۔اس موقع پر خون کے عطیہ کا کیمپ بھی منعقد کیا جائے گا جس میں مشرقی ریاست سے تعلق رکھنے والے تقریبا پانچ ہزار افراد جو کرناٹک میں مقیم ہیں، شرکت کریں گے ۔